
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔ کپتان کوشل مینڈس حالیہ دورہ انگلینڈ میں بہترین فارم میں نظر آئے تھے۔ انہوں نے تین میچوں میں 198 رنز بنائے، جبکہ دوسرے ون ڈے میں 121 رنز کی شاندار اننگز ان کی بہترین کارکردگی رہی۔ سری لنکن اسکواڈ میں مشارا، جے وردھنے، یودارا، ساہان آراچیگے، کامندو مینڈس، شاناکا اور وکرما سنگھے بھی شامل ہیں۔ اسپن شعبے میں ویلالاگے، تھیکشانا اور ویاسکانتھ موجود ہوں گے جبکہ چمیرا، فرنینڈو، تھشارا اور ملنگا فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اسیتھا فرنینڈو 7 وکٹوں کے ساتھ سری لنکا کے سب سے کامیاب بولر رہے تھے۔ انجری کے باعث دو اہم کھلاڑی پاتھم نسانکا اور ونیندو ہسارنگا اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد دونوں ٹیمیں انگلینڈ کے ساتھ پانچ میچوں کی ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلیں گی، جس کے بعد دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ یہ ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔
News Source: Express News