
وزیراعظم محمد شہباز شریف کو لندن اسٹاک ایکسچینج کی ایک اہم تقریب میں خطاب کرنے کا موقع حاصل ہوا ہے اور وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ کے باقاعدہ آغاز کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ سویمر اور دیگر اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ اس تقریب میں مدعو کیا جانا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے، اور آج تمام اہم معاشی اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کا اجرا معیشت کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے، اور ان کا دوبارہ اجرا معیشت کو درست سمت پر ڈالنے کے لیے ایک کلیدی قدم ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران لندن میں دنیا کے نامور مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کمپنی کے اعلی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور بین الاقوامی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہویی۔ بارکلیز کے نجی بینکنگ اور دولت کے انتظام سے متعلق شعبے کے سربراہ محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں اس بینک کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے انہیں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور بارکلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے اور تجارتی مواقع میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں وفد سے گفتگو کے دوران سرمایہ کاری کی مارکیٹوں، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کی گیی۔ وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کی دعوت دی، جس پر وفد نے ملکی خود مختار قرضہ مارکیٹ اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سٹی بینک کے چیف کلاینٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی طویل مدت سے جاری خدمات کو سراہا اور کارپوریٹ و ادارہ جاتی بینکنگ کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔ بلیک راک کے ابھرتی مارکیٹوں کے شریک سربراہان گورڈن فریزر اور سیم ویچ جبکہ تجزیہ کار ایملی فلیچر پر مشتمل وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانی حصص اور فکسڈ انکم کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے پالیسیوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ روتھ شیلڈ اینڈ کمپنی کے مشاورتی امور کے سربراہ لارڈ مارک سیڈول اور شعبہ انویسٹمنٹ بینکنگ کے سربراہ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترجیحات اور سرمایہ کاری کی حکمت عملی پر بات چیت کی گیی۔ عالمی مالیاتی اداروں کے اعلی حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور باہمی تعاون کو مضبوط تر بنانے کا عزم دہرایا۔ یہ ملاقاتیں ظاہر کرتی ہیں کہ عالمی مالیاتی اداروں کو پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام پر مکمل بھروسا ہے۔ حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور ملک میں پاییدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ ملاقاتیں ایک اہم پیش رفت ہیں۔ ان ملاقاتوں میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی بھی موجود تھے۔
News Source: Express News