چین کا 2028 تک مریخ کا مکمل ارضیاتی نقشہ تیار کرنے کا اعلان

News Image

بیجنگ: چین نے 2028 کے اختتام تک مریخ کا مکمل اور تفصیلی ارضیاتی نقشہ تیار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ اس اہم سائنسی منصوبے کے تحت سرخ سیارے کی سطح، چٹانوں اور مختلف ارضیاتی خصوصیات کا جامع اور گہرائی سے مطالعہ کیا جائے گا۔ چینی اکیڈمی آف سائنسز کے ماہر اور تیان وین-3 مشن کے چیف سائنس دان ہو زینگ چیان کے مطابق حاصل ہونے والے نئے سائنسی مواد کی بنیاد پر ماہرین مریخ کے ارضیاتی ادوار کی درجہ بندی کے لیے چین کا اپنا باقاعدہ نظام بھی تشکیل دیں گے۔ چین کے ژورونگ روور سے ملنے والی معلومات نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً 3.5 ارب سال پہلے مریخ پر بر اعظمی سطح کا ایک قدیم سمندر موجود تھا۔ سائنس دانوں کو تقریباً 1.6 ارب سال قبل آنے والے ایک مختصر دورانیے کے ممکنہ سیلاب کے شواہد بھی ملے ہیں۔ یہ تمام تر اہم معلومات مریخ کے نئے ارضیاتی نقشے کی تیاری میں استعمال کی جائیں گی۔ اس سائنسی منصوبے میں جدید مصنوعی ذہانت بھی بنیادی اور اہم کردار ادا کرے گی۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے مریخ کے ریموٹ سینسنگ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جائے گا اور سیارے کے مختلف ارضیاتی خدوخال کی درست نشاندہی کی جا سکے گی۔ چین مستقبل میں اسی طریقہ کار کو چاند، زہرہ اور مختلف سیارچوں کی ارضیاتی نقشہ سازی کے لیے بھی بروئے کار لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ مریخ پر تحقیق کی غرض سے تیار کیا جانے والا چین کا تیان وین-3 مشن سال 2028 میں خلا میں روانہ کیا جائے گا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی