ایشین گیمز: انتظامیہ کی سنگین غلطی، پاکستانی والی بال ٹیم کو غلط مقام پر پہنچا دیا گیا

News Image

ایچی ناگویا گیمز کی انتظامیہ نے پاکستان کی والی بال ٹیم کو میچ کے لیے غلط مقام پر پہنچانے پر معذرت کر لی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرانسپورٹ کے شعبے کی غلطی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ازبکستان کے خلاف پول اے کے مقابلے سے قبل طے شدہ وینیو کے بجائے دوسرے مقام پر پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں میچ کا آغاز بھی تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان مراد جہاں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتظامی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا اور اسے ایک اور بدانتظامی قرار دیا۔ منتظمین کے ترجمان کے مطابق پاکستانی ٹیم کو اوکازاکی جانا تھا لیکن بس ڈرائیور انہیں انویا لے گیا، جہاں پریکٹس وینیو موجود تھا۔ بعد ازاں راستہ درست کیا گیا اور ٹیم کو اوکازاکی پہنچایا گیا جس کے بعد مقابلے کا وقت آگے بڑھا دیا گیا۔ منتظمین نے پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کی ٹیم سے بھی معذرت کی ہے جسے غلط مقام پر پہنچائے جانے کے باعث پریکٹس سیشن سے محروم ہونا پڑا۔ تاخیر اور دیگر مشکلات کے باوجود پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ازبکستان کو 0-3 سے شکست دی اور مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ یاد رہے کہ گیمز کے دوران ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے مسائل پر منتظمین اس سے قبل بھی معذرت کر چکے ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی